نیویارک،10اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): بحرالکاہل میں واقعے امریکی جزیرے گوام کے گورنر کا کہنا ہے کہ گوام شمالی کوریا سے لاحق خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت کا حامل ہے۔ جمعرات کے روز اس امریکی علاقے کے گورنر ایڈی کیلوو کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب شمالی کوریا نے اس جزیرے کی جانب میزائل داغنے کے منصوبے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ ایک لاکھ باسٹھ ہزار آبادی کے اس امریکی جزیرے کے باسیوں میں شمالی کوریا کے کسی ممکنہ حملے کے حوالے سے بے چینی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایڈی کیلوو کے مطابق جب سے امریکا نے گوام پر فوجی اڈہ قائم کیا ہے، اسے ہمیشہ سے خطرات کا سامنا رہا ہے، تاہم جزیرہ اپنے تحفظ کی پوری صلاحیت کا حامل ہے۔